کولکاتہ،5؍جنوری (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگی نے آسام میں قومی شہری رجسٹر (این آرسی) کے موضوع پر مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئین اور سپریم کورٹ کی توہین ہے۔انہوں نے الزام لگایا کہ ممتا کا بیان ان کے ’سخت سیاسی ارادوں‘کا حصہ ہے۔انہوں نے ترنمول کانگریس پر صرف’سیاسی فوائد‘کے لئے بنگال میں سرحد پار سے دراندازی کی اجازت دینے کا بھی الزام لگایا۔انہوں نے کہاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز، کمیونٹیز، سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے ساتھ بات چیت کے بعد آسام میں این آرسی کو اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔اس طرح کا تبصرہ نہ صرف آئین اور سپریم کورٹ کی توہین ہے بلکہ یہ ہمارے ملک کی وفاقی ساخت کے احساس کے بھی خلاف ہے۔ممتا نے جمعرات کو احمدپورمیں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مرکز کی بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت پر این آرسی کے پہلے مسودے میں بنگالیوں کے نام ہٹا کر انہیں آسام سے باہر کرنے کی سازش رچنے کا الزام لگایا تھا۔آسام میں غیر قانونی قیام پر روک لگانے کے لئے اصلی باشندوں کی شناخت کے لئے سپریم کورٹ کی نگرانی میں 1951کے این آرسی کو اپ ڈیٹ کیا جارہا ہے۔پہلا مسودہ 31 دسمبر کی رات کو شائع ہوا۔وجے ورگی نے نریندر مودی حکومت کی مختلف پالیسیوں کے خلاف ممتا کی مسلسل مخالفت کا ذکر کرتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلی سے دیگر ریاستوں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنے کی اپیل کی۔انہوں نے کہاکہ آسام حکومت اپنے شہریوں کی حفاظت میں مکمل طور قابل ہے۔ممتا بنرجی کو اپنی ریاست پر توجہ مرکوز کرنا چاہئے اور ہر معاملے پر سیاست کرنا بند کرنا چاہئے۔آسام پولیس نے این آرسی سے متعلق تبصرہ کو لے کر مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے خلاف ایف آئی آر درج کی تھی۔ممتا نے الزام لگایا تھا کہ آسام میں این آرسی کو اپ ڈیٹ کئے جانے کے ساتھ وہاں سے بنگالیوں کو باہر نکالنے کے لئے مرکزی حکومت سازش رچ رہی ہے۔ایف آئی آر درج کئے جانے کے بعد ترنمول کانگریس نے سخت رد عمل کا اظہار کیا۔ پارٹی نے کہا کہ ایسی کوئی کارروائی انہیں بنگالیوں کے مفادات کی جنگ لڑنے سے نہیں روکے گی، جبکہ بی جے پی نے ممتا پر سیاسی فوائد کے لئے اس موضوع کو ایک مسئلہ بنانے کی کوشش کرنے کا الزام لگایا۔آسام کی بی جے پی حکومت نے ممتا کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اشتعال انگیز، آسام کے لوگوں کی توہین اور آئین اور سپریم کورٹ کی روح کے خلاف ہے۔